مسلم ممالک کا اتحاد عالمی طاقتوں کیلئے چیلنج بن رہا ، ثروت اعجاز
امریکہ کی دوغلی پالیسی،اسرائیل کی پشت پناہی سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا کشیدگی کے خاتمے کے لئے مذاکرات ناگزیر، عالمی برادری کردار ادا کرے ،بیان
کراچی (این این آئی)پاکستان سنی تحریک کے چیئرمین انجینئر ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ تمام مسلم ممالک کے اتحاد سے امریکہ خوفزدہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ مختلف حربوں کے ذریعے مسلم دنیا میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کرتا ہے ۔ عالم اسلام اب بیدار ہو چکا اور اتحاد کی طرف بڑھ رہا ہے ،جو عالمی طاقتوں کو ہضم نہیں ہو رہا۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ایک جانب ایران کے ساتھ مذاکرات کی بات کرتا ہے جبکہ دوسری جانب دھمکی آمیز بیانات بھی دیتا ہے ،جو اس کی دوغلی پالیسی کو ظاہر کرتا ہے ۔ایسے رویے سے خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور امن کے امکانات کمزور ہو رہے ہیں۔مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک علامہ بلال عباس قادری نے کہا کہ امریکہ،اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی نے پوری دنیا کو متاثر کیا ہے۔
اس صورتحال نے نہ صرف عالمی امن کو خطرے میں ڈالا ہے بلکہ معیشت اور انسانی زندگیوں پر بھی منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ اسرائیل کی پشت پناہی کرتا آیا ہے جبکہ دیگر مسلم ممالک ایران کی حمایت میں کھڑے ہیں،جس سے عالمی سطح پر واضح تقسیم نظر آ رہی ہے ۔ رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل تلاش کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا کردار ادا کرے۔