قصابوں کی احتجاج کی کال کی دھمکی انتظامیہ نے کاروائی روک دی گوشت پھر مہنگا فروخت
نجی مذبحہ خانوں میں انتہائی لاغر اور بیمار جانور دوردراز علاقوں سے انتہائی سستے داموں خرید کر ان کا گوشت ساڑھے 600روپے سے 800روپے کلو تک فروخت کیا جاتا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) انٹیلی جنس ادارے کی جانب سے سرگودھا میں صحت مند گوشت کی فروخت اور دیگر شہروں میں سپلائی کے حوالے سے چیک اینڈ بیلنس کی صورتحال مخدوش ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سول ایڈمنسٹریشن کو ارسال کر دہ اپنی رپورٹ میں ترجیح بنیادوں پر ایکشن لینے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا مگر عملدرآمد کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ بااثر قصابوں کی جانب سے احتجاج کی کال کی دھمکی کے بعد انتظامیہ کا جھاگ کی طرح بیٹھ گئی اور ستم ظریفی یہ ہے کہ سرکاری نرخوں کی پامالی پر بھی کوئی ایکشن نہیں لیا گیا اورحکومتی احکامات کے باوجود چیک اینڈ بیلنس کے فقدان کی وجہ سے شہریوں کو مضر صحت اور لا غر جانوروں کے گوشت کی سرعام اور زائد نرخوں پر فروخت بدستور جاری ہے ،بالخصوص نجی مذبحہ خانوں میں انتہائی لاغر اور بیمار جانور دوردراز علاقوں سے انتہائی سستے داموں خرید کر زبحہ کئے جاتے ہیں جن کا گوشت بنا کر ساڑھے 600 روپے سے 800روپے فی کلو تک فروخت کیا جاتا ہے ، جبکہ صحت مند بڑے گوشت کی سرکاری قیمت900روپے مقرر ہے مگر مارکیٹ میں 12سو روپے فی کلو فروخت ہو رہا ہے اسی طرح چھوٹے گوشت کی قیمت 1600روپے مقرر ہے جو کہ25سو روپے فی کلو تک کھلے عام فروخت ہو رہاہے ، اس ضمن میں مختلف علاقوں کی نشاندہی اور مافیا کے ملوث ارکان کے کوائف کی تفصیلات بھی متعلقہ شعبوں کے پاس موجود ہے ، جو کہ مبینہ طور پر مضر صحت گوشت دیگر علاقوں میں وسیع پیمانے پرراولپنڈی، اسلام آباد سمیت سرگودھا سے ملحقہ اضلاع میں بھی سپلائی کر رہے ہیں ،شہریوں کا کہنا ہے کہ مضر صحت گوشت کے استعمال کے باعث عوام میں مختلف بیماریاں پھیل رہی ہے جن کا سد باب کیا جانا انتہائی ضروری اور فوری اقدامات کا متقاضی ہے ۔