پینسرہ میں مہندی کے دوران آتش بازی، 2افراد زخمی
پینسرہ (نمائندہ دنیا ) تھانہ ایئرپورٹ کے علاقہ چک نمبر 245عباسپور اسٹیشن والی آبادی میں شادی کی ایک تقریب کے دوران آتشبازی کے باعث افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں دو افراد زخمی ہو گئے ۔مہندی کی تقریب کے دوران آتشبازی کا مظاہرہ کیا جا رہا تھا کہ اس دوران 13 سالہ زبیر ولد عمر حیات کی آنکھ شدید متاثر ہوئی۔
جبکہ 21/22 سالہ غلام محمد ولد نواز بھی آنکھ پر چوٹ لگنے سے زخمی ہو گیا۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق شادی بیاہ کی تقریبات میں آتشبازی کا رجحان خطرناک صورت اختیار کر چکا ہے ، جس سے انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو رہے ہیں۔ ماضی میں بھی ایسے واقعات میں جانی نقصان ہو چکا ہے ۔اطلاع ملنے پر تھانہ ایئرپورٹ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ آتشبازی جیسے خطرناک عمل کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔