دکانوں پر چھاپے ، مضر صحت اشیا برآمد، 2 لاکھ 65 ہزار جرمانے
دکانوں پر چھاپے ، مضر صحت اشیا برآمد، 2 لاکھ 65 ہزار جرمانے 41 کلو ممنوعہ نمک، 15 کلو باسی گوشت، 14 کلومصالحہ جات، بسکٹ تلف
میانوالی (نامہ نگار )ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید اور ڈپٹی کمشنر اسد عباس مگسی کی خصوصی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی میانوالی کی ٹیم نے گزشتہ ہفتے ضلع بھر میں صحت دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔ اس مہم کے دوران عوام کی صحت کو یقینی بنانے کے لیے مختلف ہوٹلوں، کریانہ سٹورز، فوڈ پوائنٹس، گوشت و دودھ کی دکانوں اور مٹھائی کے کارخانوں کی کڑی چیکنگ کی گئی۔دورانِ چیکنگ حفظانِ صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی اور ناقص اشیاء کی موجودگی پر فوڈ اتھارٹی کے قوانین کے تحت سخت ایکشن لیا گیا۔ کارروائی کے دوران موقع پر ہی 41 کلوگرام ممنوعہ نمک، 15 کلوگرام باسی گوشت، 14 کلوگرام مضر صحت مصالحہ جات، 8 کلوگرام زائد المیعاد چائے کی پتی، 3.8 کلوگرام بسکٹ، 3 کلوگرام زائد المیعاد بریڈ، 0.4 کلوگرام دیگر مختلف کھانے کی اشیاء اور 20 لیٹر غیر معیاری دودھ کو تلف کر دیا گیا۔ان تمام خلاف ورزیوں پر متعلقہ دکانداروں اور فوڈ بزنس مالکان کو مجموعی طور پر 265000 روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔