مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال
مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ٹریول آئی اور سمارٹ آئی ایپس کے ذریعے 1 لاکھ 48 ہزار سے زائدافراد چیک
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی اور مشکوک افراد کی کڑی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال تیزی سے جاری ہے ،ترجمان ضلعی پولیس خرم اقبال نے بتایا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سرگودھا پولیس نے ای-پولیس پوسٹ، ٹریول آئی اور اسمارٹ آئی ایپس کے ذریعے مجموعی طور پر 1 لاکھ 48 ہزار سے زائدافراد کو چیک کیا، جن میں ای-پولیس پوسٹ ایپ کے ذریعے 1 لاکھ 37 ہزار سے زائد افراد کے کوائف کی جانچ پڑتال کی گئی۔ مختلف نوعیت کے مقدمات میں مطلوب 13 اشتہاری مجرمان کو موقع سے گرفتار کیا گیا، لاری اڈوں اور ہوٹلوں پر ٹریول آئی اور اسمارٹ آئی سسٹم کو بھی بھرپور طریقے سے استعمال کیا گیا۔
گزشتہ سات روز میں ٹریول آئی ایپ کے ذریعے 10 ہزار سے زائد اشخاص کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جس کا مقصد مشکوک افراد کی نقل و حرکت کو محدود کرنا اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے ۔اس حوالے سے پولیس افسران کا کہنا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سرگودھا پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔ ای-پولیسنگ کی بدولت اب مجرمان کے لیے روپوش رہنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے ۔ اس سسٹم کے ذریعے فیلڈ میں موجود فورس کو فوری طور پر اشتہاریوں کا ریکارڈ موصول ہو جاتا ہے ،جس سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی واقع ہو رہی ہے ۔