زرعی ادویات ڈیلروں کی دکانوں پر چھاپے ،نمونے لیبارٹری ارسال
زرعی ادویات اور کھادوں کے 10نمونے طریقہ کار کے مطابق حاصل کیے گئے
ساہیوال/ سرگودھا(نمائندہ دنیا)اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت ساہی وال ڈاکٹر سہیل ابراہیم کے مختلف زرعی ادویات ڈیلروں کی دکانوں پر چھاپے ، زرعی ادویات کے نمونے لے کر لیبارٹری ارسال کر دیے ۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) تحصیل ساہی وال ڈاکٹر سہیل ابراہیم کی زیر نگرانی خریف سیزن 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں زرعی مداخل کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے فیلڈ سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔
اس حوالے سے مختلف کھاد و زرعی ادویات فروخت کرنے والے ڈیلرز کی دکانوں پر چھاپے مارے گئے اور موقع پر موجود اشیاء کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔کارروائی کے دوران متعدد ڈیلرز سے زرعی ادویات اور فاسفیٹک کھادوں کے کل 10 نمائندہ نمونے مقررہ طریقہ کار کے مطابق حاصل کیے گئے۔ ان نمونوں کو سیل کر کے مزید کیمیائی و معیاری تجزیے کیلئے مستند لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے تاکہ یہ جانچا جا سکے کہ آیا یہ مصنوعات سرکاری معیار اور غذائی اجزاء کی مقررہ مقدار کے مطابق ہیں یا نہیں۔