گورنمنٹ مولا بخش ہسپتال کی وائرل ویڈیو کو بے بنیاد، ایم ایس

 گورنمنٹ مولا بخش ہسپتال کی وائرل ویڈیو کو بے بنیاد، ایم ایس

ہسپتال میں ایسا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا،غیر مصدقہ افواہوں پر کان نہ دھریں

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹرمحمد سہیل خواجہ نے سوشل میڈیا پر گورنمنٹ میاں مولا بخش ہسپتال کے حوالے سے وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کو بے بنیاد، جھوٹی اور پروپیگنڈا پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال میں ایسا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ایم ایس کے مطابق مریضہ کنیز فاطمہ زوجہ محمد یونس گزشتہ روز تقریباً پونے دو بجے ایمرجنسی میں لائی گئی تھیں۔ جس کو اس کی تشویش ناک حالت کے باعث فوری طور پر ایمرجنسی میں چیک کیا گیا۔ ابتدائی معائنے اور ضروری ٹیسٹوں کے بعد مریضہ کو فوری طور پر ہسپتال میں داخل کر لیا گیا تاکہ اسکا ضروری علاج معالجہ کیا جا سکے ۔ ایم ایس ڈاکٹر محمد سہیل خواجہ کے مطابق مریضہ کے تمام ضروری ٹیسٹ کروائے گئے جبکہ الٹراساو نڈ/سکین بھی تجویز کیا گیا۔

مریضہ کے تمام ضروری ٹیسٹ کیے گئے جبکہ دردکی کچھ ادویات سمیت تمام ضروری ادویات بھی انہیں مفت فراہم کی گئیں۔ ایم ایس ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال نے واضح کیا کہ مریضہ کی حالت الحمدللہ بہتر اور مکمل طور پر مستحکم ہے ، وہ بدستور ہسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان کی بہترین انداز میں دیکھ بھال کی جا رہی ہے ۔ صبح کنسلٹنٹ ڈاکٹر نے بھی مریضہ کا تفصیلی معائنہ کیا اور علاج کا عمل تسلی بخش قرار دیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں پیش کیے گئے دعوے حقائق کے منافی ہیں اور ان میں کسی قسم کی صداقت نہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر مصدقہ معلومات اور افواہوں پر کان نہ دھریں اور صرف ہسپتال کے سرکاری مو قف پر اعتماد کریں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں