ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھاگٹانوالہ بدانتظامی اور غفلت کی بدترین مثال
ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھاگٹانوالہ بدانتظامی اور غفلت کی بدترین مثال سہولیات کا فقدان اور عمارت کی خستہ حالی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا/)تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھاگٹانوالہ بدانتظامی اور غفلت کی بدترین مثال بن کر رہ گیا ہے ، جہاں بنیادی سہولیات کا فقدان اور عمارت کی خستہ حالی انتظامیہ کی کارکردگی پر سنگین سوالیہ نشان بن چکی ہے ۔ ہسپتال کی دیواریں جگہ جگہ سے گر چکی ہیں جبکہ رہائشی کوارٹرز کی حالت اس قدر خراب ہو چکی ہے کہ وہاں مقیم خاندانوں کو شدید مشکلات اور بے پردگی جیسے مسائل کا سامنا ہے ۔ذرائع کے مطابق کوارٹرز میں رہنے والی فیملیز عدم تحفظ کا شکار ہیں اور بنیادی پرائیویسی بھی میسر نہیں، جو کہ انسانی وقار کے منافی صورتحال ہے ۔
ہسپتال کا مرکزی داخلی سائن بورڈ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے ، جو ادارے کی زبوں حالی اور انتظامیہ کی مسلسل غفلت کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔مقامی شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ ہسپتال جیسے اہم ادارے کی اس حالت نے نہ صرف مریضوں بلکہ عملے کی زندگی بھی اجیرن بنا دی ہے ۔شہریوں نے وزیر صحت اور ضلعی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ہسپتال کی فوری مرمت، کوارٹرز کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔