دین اسلام علم اور تعلیم کا سب سے بڑا علمبردار ہے ، فیاض مصطفائی
دین اسلام علم اور تعلیم کا سب سے بڑا علمبردار ہے ، فیاض مصطفائی حکومت دینی تعلیم کے لیے کبھی سنجیدہ نہیں ہوئی، پرنسپل جامعہ مقصودیہ
ساہی وال/ سرگودہا (نمائندہ دنیا)دین اسلام علم اور تعلیم کا سب سے بڑا علمبردار ہے دینی تعلیم ہمارے معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے ان خیالات کااظہار پرنسپل جامعہ مقصودیہ صوبائی صدرپاکستان نظریاتی پارٹی علماؤمشائخ ونگ پنجاب علامہ محمد فیاض مصطفائی نے فتح والا تحصیل ساہی وال (سرگودہا ) میں علما سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت دینی تعلیم کے لیے کبھی سنجیدہ نہیں ہوئی، جس کا واضح ثبوت یہ ہے کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں ملک کے دستور اور قومی ضروریات کے مطابق دینی تعلیم کی ضروریات کو پورا نہیں کیا جا رہا۔ بلکہ جو تھوڑی بہت دینی تعلیم کسی درجہ میں سرکاری تعلیمی اداروں میں موجود ہے اس کے حجم اور معیار کو بھی مسلسل کم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت قیام پاکستان کے بعد دینی تعلیم کے قومی اور معاشرتی تقاضوں کی طرف سنجیدگی سے متوجہ ہوتی اور مختلف مراحل میں اس کا اہتمام کرتی تو دینی مدارس کا نہ صرف بہت سا بوجھ ہلکا ہو جاتا بلکہ اعتماد کی ایسی فضا بھی پیدا ہو جاتی جو دینی مدارس کو کسی سرکاری یا نیم سرکاری دائرے میں لانے کے لیے مفید بن جاتی۔