باردانہ ترجیحی بنیادوں پر کسانوں میں تقسیم کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر
باردانہ ترجیحی بنیادوں پر کسانوں میں تقسیم کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر خریداری کے عمل میں چھوٹے کاشتکاروں کو فوقیت دی جائے ، افسروں کو ہدایت
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے محکمہ خوراک کے افسران پر زور دیا کہ دستیاب تمام باردانہ ترجیحی بنیادوں پر چھوٹے کسانوں میں تقسیم کیا جائے اور خریداری کے عمل میں بھی چھوٹے کاشتکاروں کو فوقیت دی جائے ۔ انہوں نے گندم کی غیر قانونی نقل و حمل کا سخت نوٹس لیتے ہوئے شہر کے خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کرنے کے اقدامات کی ہدایت کی۔ یہ احکامات انہوں نے محکمہ خوراک کی جانب سے جاری گندم خریداری مہم کے حوالے بریفنگ کے دوران جاری کیے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گندم کی خریداری شفاف انداز میں مکمل کی جائے اور کسانوں کو بروقت ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ محکمہ خوراک کو ابتک 1536 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جن میں سے پی ایل آر اے نے 1063 کی تصدیق کر دی ہے ۔
اس کے علاوہ 40,310 بوری (سو کلوگرام) باردانہ کسانوں میں تقسیم کیا جا چکا ہے جبکہ 25,285 بوری ( سو کلوگرام) گندم خریدی جا چکی ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ باقی ماندہ درخواستوں کی تصدیق اور باردانہ کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے ، جبکہ خریداری مراکز پر عملے کی حاضری اور نگرانی کو بھی سخت کیا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی بے ضابطگی یا شکایت کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔