سٹی روڈ اور کچہری بازار کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے سٹی بیوٹیفکیشن پروگرام کے تحت شہر میں سٹی روڈ اور کچہری بازار کی تزئین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے ۔
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں نے منصوبے کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سٹی روڈ پر فیسکو کی تنصیبات کو ہٹا کر انڈر گراؤنڈ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ نے سڑک کی کارپٹنگ اور مرمت کا کام بھی شروع کر رکھا ہے ۔ مزید بتایا گیا کہ سٹی روڈ پر بیوٹیفکیشن ورک تیزی سے جاری ہے جبکہ کچہری بازار میں فیسکو کی تنصیبات کو انڈر گراؤنڈ کرنے کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے ۔
کچہری بازار میں نئے ٹرانسفارمر نصب کیے جا رہے ہیں۔ اجلاس مزید بتایا گیا کہ کچہری بازار اور سٹی روڈ پر جاری سول ورک اور فیسکو کی انسٹالیشن کا کام ایک ہفتے میں مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد فنشنگ ورک کا آغاز کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے فیسکو، ہائی ویز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور عیدالاضحیٰ سے قبل ہر صورت مکمل کیا جائے ۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین، ایکسیئن ہائی ویز گلفام اعوان اور ایکسین فیسکو مظہر ملک نے شرکت کی۔