بلدیاتی کیسز کی کمزور پیروی خزانے کو کروڑوں کا نقصان
میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر بلدیاتی اداروں کے خلاف عدالتوں یا دیگر صوبائی اتھارٹیز کیسز کی اکثر و بیشتر پیروی نہیں کی جاتی ،مخالف فریق کو فائدہ پہنچایاجا رہا کیسز کو کمزور پیروی سے لٹکانے کا معمول عام ہو گیا، حکمت عملی وضع کر کے رپورٹ ارسال کی جائے فیصلوں میں رکاوٹوں کو جلد دور کیا جائے ،سی اوز کو ہدایت
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) میونسپل کارپوریشن سمیت سرگودھا ریجن کے دیگر بلدیاتی اداروں کے کیسز کی کمزور پیروی کے ذریعے مخالف فریق سے ساز باز کر کے فائدہ جبکہ سرکاری خزانے کو کروڑوں روپے سالانہ کا نقصان پہنچ رہا ہے ، اس امر کا انکشاف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب کی طرف سے تمام بلدیاتی اداروں کے سربراہان کو موصول ہونیوالے ہدایت نامہ میں ہوا، جس میں بتایا گیا کہ میونسپل کارپوریشن سمیت دیگر بلدیاتی اداروں کے خلاف عدالتوں یا دیگر صوبائی اتھارٹیز کو دائر ہونیوالے کیسز کی اکثر و بیشتر پیروی نہیں کی جاتی جبکہ کمزور پیروی کے ذریعے بھی مخالف فریق کو فائدہ پہنچایاجا رہا ہے ،ایڈمنسٹریٹرز کی عدم توجہی کی وجہ سے بیسیوں کیسز التواء کا شکار ہیں جبکہ نچلا عملہ کیسز کی پیروی کے نام پر سرکاری خزانے پر بھی ہاتھ صاف کرنے میں مصروف ہے ، بالخصوص سرکاری املاک کے حوالے سے دائر کردہ کیسز کو کمزور پیروی سے لٹکانے کا معمول عام ہے ،ذمہ دار افسران کو اس سلسلہ میں فوری اقدامات کی ضرورت ہے ، سی اوز کو اس حوالے سے سختی کے ساتھ ہدایت کی گئی کہ فوری طور پر حکمت عملی وضع کر کے رپورٹ ارسال کی جائے جبکہ کیسز کے فیصلوں میں حائل رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کیا جائے ۔