بلدیاتی اداروں کو فعال بنائے بغیر عوام کو مسائل سے نکالنا ممکن نہیں
بلدیاتی نظام ہی عوامی مسائل کے حل اور نچلی سطح پر طرز حکمرانی کی ضمانت ،رضوان مختار
خوشاب(نمائندہ دنیا )سابق مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری رضوان مختار رندھاوا نے کہا ہے کہ پوری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ بلدیاتی نظام ہی عوامی مسائل کے حل اور نچلی سطح پر طرز حکمرانی کی ضمانت ہے ۔ بلدیاتی اداروں کو فعال بنائے بغیر عوام کو مسائل کے گرداب سے نکالنا ممکن نہیں ، اپنی رہائش گاہ چک 47ایم بی میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ پاکستانی عوام کی بد قسمتی ہے کہ ان پر مسلط ہونیوالے حکمرانوں نے بلدیاتی اداروں کو مفلوج رکھنے اور تمام اختیارات خود سمیٹنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے یہ صورتحال جمہوریت اور جمہوری اداروں کیلئے باعث تشویش ہے۔
چوہدری رضوان رندھاوا نے کہا کہ آئے روز نئے بلدیاتی قوانین کی تیاری اور ان کی ترامیم تو کی جارہی ہیں لیکن اداروں کی بحالی کیلئے کوئی عملی کراد ادا نہیں کیا جاتا جس کی وجہ سے عوام کی مشکلات میں آئے روز اضافہ ہو رہا ہے ، انہوں کہا کہ عوام بلدیاتی ادارے جمہوریت کی کلید ہیں ، وطن عزیز میں جمہوریت کے استحکام اور عوامی کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے بلدیاتی اداروں کو فعال بنا کر اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنبا ضروری ہے ۔