انٹرمیڈیٹ امتحانات ،رول نمبر سلپس جاری کرنیکی ہدایات
امیدواروں اور الحاق شدہ ادارے رول نمبر سلپس درست چیک کریں،تعلیمی بورڈ
ملتان (خصوصی رپورٹر) تعلیمی بورڈ ملتان نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2026کے امیدواروں اور الحاق شدہ اداروں کیلئے اہم ہدایات جاری کر دیں۔ کنٹرولر امتحانات کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ (کمبائنڈ) اور لسانیات کا پہلا سالانہ امتحان 20 مئی 2026 سے شروع ہو گا۔بورڈ حکام کے مطابق انٹرمیڈیٹ پارٹ سیکنڈ کے ریگولر طلبہ و طالبات کی رول نمبر سلپس تعلیمی بورڈ ملتان کی ویب سائٹ پر آن لائن دستیاب ہیں جہاں سے ادارے انہیں ڈاؤن لوڈ کرکے پرنٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ سربراہان ادارہ جات کو ہدایت کی گئی ہے کہ امیدواروں کو رول نمبر سلپس جاری کرنے سے قبل ان پر درج تمام کوائف اپنے ریکارڈ سے اچھی طرح چیک کریں اور تصدیق کے بعد دستخط اور مہر ثبت کریں۔کنٹرولر امتحانات نے واضح کیا کہ اگر کسی امیدوار کی رول نمبر سلپ میں کسی قسم کی غلطی موجود ہو تو فوری طور پر انٹرمیڈیٹ برانچ سے رابطہ کرکے مطلوبہ درستی کروائی جائے اور بعد ازاں نئی رول نمبر سلپ ڈاؤن لوڈ کرکے امیدوار کے حوالے کی جائے ۔پرائیویٹ امیدواروں کی رول نمبر سلپس بذریعہ ڈاک ان کے دئیے گئے پتہ جات پر ارسال کر دی گئی ہیں۔ اگر کسی امیدوار کو رول نمبر سلپ موصول نہ ہو تو وہ داخلہ فارم نمبر اور ٹوکن نمبر کے ذریعے بورڈ کی ویب سائٹ سے آن لائن رول نمبر سلپ حاصل کر سکتا ہے ۔ بورڈ حکام نے کہا ہے کہ اگر کسی امیدوار کا ریکارڈ آن لائن موجود نہ ہو تو وہ داخلہ ثبوت کے ساتھ اسسٹنٹ کنٹرولر انٹرمیڈیٹ سے فوری رابطہ کرے ۔