مداریوں کے روپ میں درجنوں گروپ نوسر بازی میں مطلوب
دن بھر شکار پھانس کر انہیں لوٹنے کے بعد سر شام اپنی پناہ گاہوں میں چلے جاتے ہیں
سرگودھا(سٹافظ رپورٹر ) شہر میں مداریوں کے روپ میں درجنوں گروپ نوسر بازی کی وارداتوں میں مطلوب ہیں’ جو سادہ لوح لوگوں کو روزانہ لاکھوں روپے سے محروم کر رہا ہے ۔ ایسے شعبدہ بازوں میں مداریوں کے علاوہ بہروپیے بھی شامل ہیں جو دن بھر شکار پھانس کر انہیں لوٹنے کے بعد سر شام اپنی پناہ گاہوں میں چلے جاتے ہیں۔ یہ گروہ جنرل بس اسٹینڈ’ کمپنی باغ’ کلمہ چوک’ سیٹلائٹ ٹاؤن چوک’ ضلع کچہری’ خیام چوک’ سبزی منڈی سمیت دیگر مقامات پر اڈے لگا کر مختلف جنسی ادویات کی ناصرف تشہیر کرتے ہیں بلکہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر انہیں کرتب دکھا کر جیبیں صاف کر جاتے ہیں۔ ان گروہوں کا زیادہ تر شکار سادہ لوح لوگ ہوتے ہیں۔
اسی طرح بہروپئے نوسر باز بھی شہر میں سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے کیلئے انہیں اکیلا پھانس کر رقم یا زیورات دگنی کرنے کا جھانسہ دیتے ہیں’ جونہی شکار دام میں پھنستا ہے اس کی آنکھیں بند کرواتے اور مال لے کر رفو چکر ہو جاتے ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ ارباب اختیار کو ایسے گروہوں کے خلاف مناسب کارروائی کرنے کی ضرورت ہے ۔