تاجر مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد کر لیں ، شفیق الرحمن
کوئی بھی سیاستدان یا انتظامیہ کا افسر کبھی بھی تاجروں سے مخلص نہیں ہو سکتا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) مرکزی انجمن تاجران شہر و ضلع سرگودھا کے قائم مقام جنرل سیکرٹری خواجہ شفیق الرحمن نے کہا ہے کہ اس وقت تاجروں کا سب سے بڑا مسئلہ آپس کا اتحاد نہ ہونا ہے جس کی وجہ سے ادارے تاجروں پر بھاری پڑتے جا رہے ہیں اگر تاجر اپنے مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد کر لیں اور ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائیں تو کوئی وجہ نہیں کہ وہ آئے روز محکموں کی جانب سے کی جانے والی کاروائیوں سے نہ صرف بچ سکیں گے بلکہ اپنے مفادات کے لیے مشترکہ آواز بلند کریں گے وہ قائم مقام جنرل سیکرٹری کا عہدہ سنبھالنے کے بعد تاجروں سے گفتگو کر رہے تھے انہوں نے کہا کہ مجھے اﷲ تعالیٰ نے چند روز کے لیے یہ عہدہ دیا ہے کوشش کروں گا کہ تمام تاجر تنظیموں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کروں۔
ہمارے کچھ دوست نادانی میں اپنے مفادات کی خاطر سیاست دانوں اور انتظامیہ کی ناراضگی کے باعث اپنے نظریات سے پیچھے ہٹ رہے ہیں جس کا خمیازہ پوری تاجر برادری کو بھگتنا پڑ رہا ہے خواجہ شفیق الرحمان نے کہا یہ بات طے ہے کہ کوئی بھی سیاستدان یا انتظامیہ کا افسر کبھی بھی تاجروں سے مخلص نہیں ہو سکتا ہر ایک کے اپنے مفادات ہیں اس لیے تاجر برادری کسی کا آلہ کار بننے کی بجائے اپنے مفادات کو مدنظر رکھیں اور تاجروں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہو کر کام کریں تاکہ مستقبل قریب میں انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔