یونیورسٹی آف سرگودھا میں ورلڈ تھیلیسیمیا ڈے کے حوالے سے آگاہی سیمینار
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا میں ورلڈ تھیلیسیمیا ڈے کے تسلسل میں تقریبات کے تحت آگاہی سیمینار، واک اور پری میریٹل سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد تھیلیسیمیا سے بچاؤ، بروقت تشخیص اور عوامی شعور اجاگر کرنا تھا۔
تقریب کا اہتمام ڈیپارٹمنٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز اور بلڈ ڈونر سوسائٹی نے پنجاب تھیلیسیمیا اینڈ ادر جینیٹک ڈس آرڈرز پریوینشن اینڈ ریسرچ انسٹیٹیوٹ (پی ٹی جی ڈی) سرگودھا ریجن کے اشتراک سے کیا۔آگاہی واک کی قیادت فیکلٹی آف فارمیسی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد عثمان منہاس نے کی جبکہ اس موقع پر طلبہ، اساتذہ، طبی ماہرین اور بلڈ ڈونر سوسائٹی کے رضاکاروں نے شرکت کی۔ ایس پی انویسٹی گیشن عمران عباس چدھڑ مہمانِ خصوصی تھے ۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ تھیلیسیمیا کی روک تھام کے لیے قبل از شادی سکریننگ اور آگاہی ناگزیر ہے۔
چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف الائیڈ ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر محمد ریاض نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ شادی سے قبل تھیلیسیمیا ٹیسٹ ضرور کروائیں، جبکہ سرگودھا میڈیکل کالج کے پروفیسر ڈاکٹر خواجہ محمد ارشد نے بیماری کی وجوہات، تشخیص اور احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔ پی ٹی جی ڈی کے ریجنل ہیڈ منیب رحمت نے کہا کہ حکومت پنجاب مفت تشخیصی و حفاظتی سہولیات فراہم کر رہی ہے اور سادہ خون کے ٹیسٹ کے ذریعے اس مرض کی روک تھام ممکن ہے ۔ تقریب کے اختتام پر شرکا کے لیے مفت سکریننگ کیمپ بھی لگایا گیا۔