آئی جی اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس ،سکیورٹی صورتحال کا جائزہ
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی کی زیرِ صدارت اہم اجلاس ہوئے، اسلام آباد پولیس کے انتظامی امور، امن و امان کی مجموعی صورتحال، ٹریننگ اقدامات اور جدید آئی ٹی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سکیورٹی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی اقدامات، پیشہ ورانہ استعدادِ کار میں بہتری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا گیا۔آئی جی نے شہریوں کو مؤثر، بروقت اور جدید سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام شعبوں کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے اور کارکردگی کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے اور جدید حکمتِ عملی کے تحت جرائم کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے پر زور دیا۔مزید برآں آئی جی نے ایس پی سواں زون کے ساتھ اجلاس میں زون میں جرائم کی روک تھام، مؤثر پٹرولنگ نظام، شہریوں کو بروقت ریلیف کی فراہمی اور زیرِ تفتیش مقدمات کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔