سینئر ڈسپنسر رانا غلام محی الدین رشوت خوری کے الزام میں گرفتار
خوشاب(نمائندہ دنیا )انٹی کرپشن پولیس خوشاب نے علاقہ مجسٹریٹ کے ہمراہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہر آباد میں چھاپہ مار کر سینئر ڈسپنسر رانا غلام محی الدین کو رشوت خوری کے الزام میں گرفتار کر لیا۔
انٹی کرپشن کی ٹیم نے ڈسپنسر غلام محی الدین کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ ایک کیس کی تحقیقات کے دوران انکوائری کمیٹی کے روبرو گواہی دے رہا تھا ، عینی شاہدوں کے مطابق ڈسپنسر غلام محی الدین کے ہاتھ میں ایک خاکی رنگ کا لفافہ تھا، انٹی کرپشن کی ٹیم نے اس کی تصویر بنانے کے بعد اسے ہتھکڑی لگا دی گئی ، اس ضمن میں جب ہسپتال کے ایم ایس اورقائم مقام سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر احمد سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ ہم ہر سطح پر کرپشن اور بد عنوانی کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں لیکن انٹی کرپشن پولیس نے ہمارے ادارے میں جس انداز سے کاروائی کی ہمیں اس پر اعتراض ہے اگر ڈسپنسر رانا محی الدین پر کرپشن کا کوئی الزام ہے تو اسے ببانگ دہل سامنے لایا جانا چاہیے تھا ۔