شہداء کے خاندانوں کی معاونت کو یقینی بنایا جائیگا،اسسٹنٹ کمشنر
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) اسسٹنٹ کمشنر سرگودھا احمد شیر گوندل کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ آرمڈ سروسز بورڈ سرگودھا کا سالانہ اجلاس 2026 منعقد ہوا۔
اجلاس میں سابق فوجیوں، شہداء کے لواحقین اور حاضر سروس افواج سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لیفٹیننٹ کرنل محمد عمر ڈپٹی ڈائریکٹر سولجر بورڈ، ڈسٹرکٹ آرمڈ سروسز بورڈ کے نمائندگان اور متعلقہ محکموں کے سربراہان دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران سابق فوجیوں اور شہداء کے اہل خانہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات، مالی معاونت، پنشن، علاج معالجہ اور فلاحی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر مختلف درخواستوں اور زیر التواء معاملات پر بھی غور کیا گیا ۔جبکہ ان کے جلد از جلد حل کے لیے متعلقہ اداروں کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں۔اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والے سابق فوجی اور شہداء کے اہل خانہ قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور ان کے خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سابق فوجیوں اور شہداء کے خاندانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور انہیں سرکاری سطح پر تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ اجلاس کے اختتام پر مختلف تجاویز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔