ڈیجیٹل مہارتوں سے متعلق تربیتی پروگراموں کے داخلے شروع
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) یونیورسٹی آف سرگودھا کے ای روزگار سنٹر میں ڈیجیٹل مہارتوں، فری لانسنگ اور آن لائن روزگار سے متعلق ریگولر اور ویک اینڈ تربیتی پروگراموں کے داخلے شروع کر دیے گئے ہیں۔ریگولر پروگرام پیر سے جمعرات تک طلبہ کے لیے منعقد ہوگا جبکہ ملازمت پیشہ افراد اور پیشہ ور نوجوانوں کے لیے جمعہ سے اتوار تک ویک اینڈ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
تاکہ وہ اپنی مصروفیات کے ساتھ جدید ڈیجیٹل مہارتیں سیکھ سکیں۔تربیتی کورسز میں بنیادی کمپیوٹر مہارتیں، آفس آٹومیشن، سرچ انجن آپٹیمائزیشن، سوشل میڈیا اور انفلوئنسر مارکیٹنگ، ورڈ پریس ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائننگ، ای کامرس، مصنوعی ذہانت کے ٹولز، فیس بک اور یوٹیوب آٹومیشن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، موبائل ایپ ڈویلپمنٹ اور فری لانسنگ شامل ہیں۔مینجر ای روزگار سنٹر ملک کلیم اﷲ نے بتایا کہ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے حامل امیدوار بھی داخلے کے لیے اہل ہوں گے جبکہ ایسے طلبہ بھی درخواست دے سکتے ہیں جو اپنے نتائج کے منتظر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ پروگرام خاص طور پر طلبہ کو موسمِ گرما کی تعطیلات کو بامقصد بنانے اور عملی مہارتیں سیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل مہارتیں نوجوانوں کے لیے باعزت روزگار، خود کفالت اور فری لانسنگ کے ذریعے آمدن کے نئے راستے کھول سکتی ہیں۔ ان کورسز کے ذریعے شرکا مقامی اور عالمی آن لائن مارکیٹ میں اپنی خدمات فراہم کرنے کے قابل ہو سکیں گے ۔درخواستیں 2 جون تک آن لائن بذریعہ آفیشل ویب پورٹل(https://erozgaar.uos.edu.pk/) جمع کرائی جا سکتی ہیں جبکہ کلاسز کا آغاز 3 جون سے ہوگا۔