عوام کی محبت اور اعتماد ہی انہیں خدمت کے سفر میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ،حسن انعام پراچہ
بھیرہ(نامہ نگار) وزیر اعلیٰ شکایت سیل کے سابق چیئرمین حسن انعام پراچہ نے کہا ہے کہ عوام سے مضبوط اور قریبی رابطہ ہی ایک سیاستدان کا اصل سرمایہ ہوتا ہے ۔
عوام کی محبت اور اعتماد ہی انہیں خدمت کے سفر میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیتا ہے وہ بھیرہ پریس کلب رجسٹرڈ کے جنرل سیکرٹری عطا الرحمن اقبال کے صاحبزادے کی تقریبِ ولیمہ میں کارکنوں اور معززین سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر حاجی نوید انجم، چوہدری محمد ایوب گادی، محمد الیاس کوٹ، شیخ شہزاد محمود، عرفان شیخ اور دیگر بھی موجود تھے۔
حسن انعام پراچہ نے کہا کہ حلقہ کی عوام نے ہمیشہ ان کے خاندان کی حوصلہ افزائی کی اور وہ اس اعتماد کو عوامی خدمت کے ذریعے برقرار رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور علاقہ کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کے عوام کو اپنا خاندان سمجھتے ہیں اور ان کے دکھ سکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ عوامی خدمت کا یہ سلسلہ آئندہ بھی خلوص اور جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔