پیراویٹس کیلئے خصوصی انٹرن شپ پروگرام کا آغاز
پیراویٹس کیلئے خصوصی انٹرن شپ پروگرام کا آغاز پروگرام کے تحت اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت حکومتِ پنجاب نے ویٹرنری گریجویٹس اور پیراویٹس کیلئے خصوصی انٹرن شپ پروگرام 2026-27 کا آغاز کر دیا ہے ۔ پنجاب بھر کی طرح سرگودھا ڈویڑن میں بھی اس پروگرام کے تحت اہل امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔تر جمان محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کے مطابق ویٹرنری گریجویٹس کو ماہانہ 60 ہزار روپے جبکہ پیراویٹس کو 40 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو عملی میدان میں تجربہ فراہم کرنا، جدید ویٹرنری و لائیوسٹاک مہارتوں سے آراستہ کرنا، روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنا اور لائیوسٹاک سیکٹر میں جدید فارمنگ سسٹمز کو فروغ دینا ہے ۔ مالی سال 2026-27 کے دوران صوبہ بھر میں 264 ویٹرنری گریجویٹس اور 371 پیراویٹس کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے ، جبکہ سرگودھا ڈویڑن کیلئے 34ویٹرنری گریجویٹس اور 82 پیراویٹس کی آسامیاں مختص کی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق یہ پروگرام نوجوانوں کیلئے عملی تربیت، پیشہ ورانہ ترقی اور لائیوسٹاک سیکٹر کی بہتری کی جانب ایک اہم اقدام ثابت ہوگا۔ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 15 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے ۔جبکہ درخواست دینے کیلئے صرف 2 دن باقی ہیں۔تمام اہل امیدوار اپنی درخواستیں آن لائن پورٹل jobs.punjab.gov.pk کے ذریعے فوری جمع کروائیں۔