یومِ تکبیر پاکستان کی دفاعی خودمختاری کی علامت ، راشد اقبال
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے زکوٰۃ و عشر راشد اقبال نصراﷲ نے کہا ہے کہ یومِ تکبیر پاکستان کی دفاعی خودمختاری، قومی وقار اور عوامی اتحاد کی روشن علامت ہے ۔
انہوں نے یہ بات یومِ تکبیر کے حوالے سے لیگی رہنما ڈاکٹر لیاقت علی خان کے زیر اہتمام منعقدہ عید ملن پارٹی اور تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں کارکنوں اور عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔راشد اقبال نصراﷲ نے کہا کہ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے ایٹمی دھماکے کر کے دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی سلامتی، استحکام اور ترقی کو اولین ترجیح دی اور پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاعی قوت بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر لیاقت علی خان نے کہا کہ یومِ تکبیر پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن دن ہے جس نے ملک کے دفاع کو مضبوط بنیادیں فراہم کیں۔ سابق ایم پی اے چوہدری عبدالرزاق ڈھلوں نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام قومی سلامتی کا ضامن ہے اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔تقریب میں عید ملن پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا جبکہ ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کرائی گئی۔