ستھرا پنجاب ایجنسی کا عید کلین آپریشن کامیابی سے مکمل
ستھرا پنجاب ایجنسی کا عید کلین آپریشن کامیابی سے مکمل سلانوالی میں 27 کلیکشن پوائنٹس اور 23 آگاہی کیمپس قائم کیے گئے تھے
سلانوالی (نمائندہ دنیا)ستھرا پنجاب ایجنسی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر تین روزہ کلین آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا، جس کے دوران تحصیل بھر سے مجموعی طور پر تقریباً 900 ٹن آلائشیں ڈمپ کی گئیں۔تحصیل سلانوالی میں 27 کلیکشن پوائنٹس اور 23 آگاہی کیمپس قائم کیے گئے تھے ، جبکہ آپریشن میں 650 ورکرز نے حصہ لیا۔ صفائی کے عمل کے دوران 750 لیٹر فینائل اور 500 لیٹر عرق گلاب استعمال کیا گیا۔ستھرا پنجاب ایجنسی سلانوالی کے مانیٹرنگ مینیجر چوہدری ذیشان آصف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عید کلین آپریشن مکمل کیا گیا، جس کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر چودھری محمد اکمل نے کی۔انہوں نے کہا کہ عید کے دوران نہ صرف آلائشیں بروقت اٹھائی گئیں بلکہ اجتماعی قربان گاہوں، مدارس اور دیگر اہم مقامات کو بھی واش کیا گیا۔ 50 سے زائد مساجد کو عرق گلاب سے دھویا گیا جبکہ خون آلود شاہراہوں، بازاروں اور رہائشی علاقوں کی صفائی بھی مکمل کی گئی۔مزید بتایا گیا کہ گھر گھر جا کر بائیو ڈیگریڈیبل شاپنگ بیگز بھی تقسیم کیے گئے اور مکینیکل سویپرز، واٹر بوزرز اور دیگر مشینری کے ذریعے صفائی کا عمل مکمل کیا گیا۔انہوں نے شہریوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ تحصیل بھر میں عوام نے صفائی مہم میں بھرپور حصہ لیا، جس کے باعث آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا۔