سابق چیئرمین ملک عبدالرشید کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت

سابق چیئرمین ملک عبدالرشید کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت

سابق چیئرمین ملک عبدالرشید کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت علاقے کے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ، کارکنوں میں خوشی کی لہر

میانی (نامہ نگار )سابق چیئرمین ٹاؤن کمیٹی میانی ملک حاجی عبدالرشید نے پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہہ کر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی۔ ان کی شمولیت کے اعلان کے بعد علاقے کے سیاسی حلقوں میں نئی بحث چھڑ گئی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ملک حاجی عبدالرشید ماضی میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر چیئرمین منتخب ہوئے تھے اور انہیں پارٹی کا ایک مضبوط اور متحرک کارکن تصور کیا جاتا تھا۔ ان کی سیاسی وابستگی میں تبدیلی کو مقامی سیاست میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کے سلسلے میں ایک بڑے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیرِ صحت ملک مختار احمد بھرتھ اور صوبائی وزیرِ مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے خصوصی شرکت کی۔ جلسہ گاہ کارکنوں اور شہریوں سے کھچا کھچ بھری رہی جبکہ دونوں رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کارکنوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پارٹی کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ صحت ملک مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور علاقے کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک حاجی عبدالرشید کی شمولیت سے پارٹی مزید مضبوط ہوگی اور میانی میں مسلم لیگ (ن) کا سیاسی اثر و رسوخ بڑھے گا۔صوبائی وزیرِ مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور میانی سمیت پورے حلقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کا اعتماد مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر مسلسل بڑھ رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں