عیدپر سرچ آپریشنز ،13ملزم بھاری منشیات سمیت گرفتار
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)عید الاضحی کے موقع پر پولیس کا سکیورٹی ڈیوٹی کے علاوہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رہا۔عید پر امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنے اور سکیورٹی صورتحال کو فول پروف بنانے کیلئے پولیس کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لائے گئے ۔
تمام ڈویژنز میں خصوصی ناکہ بندی پوائنٹس قائم کئے گئے اور سرچ آپریشنز کئے گئے ۔ پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 13 منشیات فروش ملزموں کو گرفتار کیا جن کے قبضہ سے 9کلو سے زائد چرس، ایک کلو ایک سو ساٹھ گرام آئس اور 618 لیٹر شراب برآمد ہوئی، ناجائز اسلحہ اور ہوائی فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے 12ملزموں کو گرفتار کر لیا۔
غفلت و لاپرواہی اور ون ویلنگ کرنے والے عناصر کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے 17ملزموں کو گرفتار کیا۔ پولیس نے مختلف علاقوں سے 7جواری بھی گرفتار کئے ۔ عید کی خوشیوں کو محفوظ بنانے کیلئے پولیس فورس نے پیشہ ورانہ فرائض انجام دیئے ۔ اس حوالے سے سی پی او کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ، جواء اور منشیات فروشی کرنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔