بھلوال کو ضلع بنانے کا وعدہ پورا ہوگا، چودھری منصور اعظم سندھو
بھلوال کو ضلع بنانے کا وعدہ پورا ہوگا، چودھری منصور اعظم سندھو عوام مایوسی پھیلانے والوں،منفی پروپیگنڈا کرنیوالے عناصر کی باتوں پر توجہ نہ دیں
بھلوال (نمائندہ دنیا )ممبر صوبائی اسمبلی اور صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے توانائی چوہدری منصور اعظم سندھو نے کہا ہے کہ بھلوال کو ضلع بنانے کا دیرینہ مطالبہ ضرور پورا ہوگا اور جب بھی بھلوال کو ضلع کا درجہ ملے گا، اس کا سہرا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سر ہوگا۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام مایوسی پھیلانے والوں اور سوشل میڈیا پر منفی پروپیگنڈا کرنے والے عناصر کی باتوں پر توجہ نہ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور بھلوال کو ضلع بنانے کا وعدہ بھی انہی میں سے ایک ہے ۔چودھر ی منصور اعظم سندھو نے کہا کہ اہلیانِ بھلوال کا یہ دیرینہ مطالبہ متعلقہ حکام اور ایوانوں تک پہنچا دیا گیا ہے اور اس حوالے سے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ پرامید رہیں، کیونکہ بھلوال کو ضلع بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بعض عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے عوام میں مایوسی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم شہری ایسے گمراہ کن پروپیگنڈے پر کان نہ دھریں اور ترقیاتی منصوبوں و عوامی فلاح کے لیے جاری حکومتی اقدامات پر اعتماد رکھیں۔صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھلوال کو ضلع کا درجہ ملنے سے علاقے کی انتظامی، ترقیاتی اور عوامی سہولیات میں مزید بہتری آئے گی۔