بھاگٹانوالہ میں یوٹرن کی عدم دستیابی سنگین مسئلہ بن چکی

بھاگٹانوالہ میں یوٹرن کی عدم دستیابی سنگین مسئلہ بن چکی

سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات بھی روزانہ تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں

بھاگٹانوالہ (نمائندہ دنیا) بھاگٹانوالہ شہر میں مناسب یوٹرن کی عدم دستیابی اہلِ علاقہ کے لیے سنگین مسئلہ بن چکی ہے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر محفوظ اور مناسب یوٹرن نہ ہونے کے باعث آئے روز ٹریفک حادثات رونما ہو رہے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ بڑھتا جا رہا ہے ۔شہریوں کے مطابق یوٹرن نہ ہونے کی وجہ سے گاڑیوں کو کئی کئی کلومیٹر اضافی سفر کرنا پڑتا ہے ، جس سے نہ صرف وقت کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ ایندھن کے اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے جبکہ سکولوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات بھی روزانہ تاخیر کا شکار ہو رہے ہیں۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کی توجہ اس اہم مسئلے کی جانب مبذول کرائی جا چکی ہے لیکن تاحال کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر مناسب اور محفوظ یوٹرن تعمیر نہ کیے گئے تو کسی بڑے حادثے کا خدشہ موجود ہے ۔جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔اہلِ علاقہ، تاجروں، والدین اور سماجی تنظیموں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات اور بڑھتے ہوئے حادثات کا نوٹس لیتے ہوئے بھاگٹانوالہ میں فوری طور پر معیاری یوٹرن تعمیر کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے اور قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں