خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات تیز کرنیکی ہدایت

 خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات تیز کرنیکی ہدایت

ایسے افراد کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے :ڈاکٹر ارشد وٹو

بھکر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر بھکر احسان علی جمالی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر ارشد وٹو کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ویلفیئر اینڈ ری ہیبیلی ٹیشن یونٹ بھکر کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال بھکر ملک مشتاق حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی افراد کے لیے نجی اداروں، اسکولوں، کالجوں اور دیگر اداروں میں تین فیصد ملازمتوں کے کوٹے اور بلڈنگ کوڈز پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ڈاکٹر ارشد وٹو نے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق خصوصی افراد کو سہولیات، روزگار کے مواقع اور باعزت زندگی کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے ضلع بھکر کی تمام نجی اسٹیبلشمنٹس، اسکولوں، کالجوں اور ہسپتالوں کو تین فیصد کوٹے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی، جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ صحت، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن کو نجی اداروں کی افرادی قوت کا ڈیٹا جلد فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے بعد خصوصی افراد کیلئے کرکٹ میچ کے انعقاد اور 29 اسسٹو ڈیوائسز (معاون آلات) اور وہیل چیئرز کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں