واٹر سپلائی سکیم بند،2ماہ سے شہری پینے کے پانی سے محروم

واٹر سپلائی سکیم بند،2ماہ سے شہری پینے کے پانی سے محروم

گل والا کچا پھاٹک سے ملحقہ سرکاری واٹر سپلائی سکیم کی بندش سے لو گ پریشان

سرگودھا (سٹاف رپورٹر)گل والا کچا پھاٹک سے ملحقہ سرکاری واٹر سپلائی سکیم کی بندش کو دو ماہ گزرنے کے باوجود بحالی ممکن نہ ہو سکی، جس کے باعث درجنوں آبادیوں کے ہزاروں مکین شدید مشکلات کا شکار ہیں۔نیو ملت پارک، گلشن جمال، مجاہد کالونی، زبیدہ رضا ٹاؤن، منظور ٹاؤن، منور کالونی، ظفر کالونی، محبوب کالونی، گل والا اور دیگر علاقوں کو مذکورہ سکیم کے ذریعے پینے کا صاف پانی فراہم کیا جاتا تھا۔تاہم دو ماہ قبل عدالتی فیصلے کے بعد صورتحال تبدیل ہو گئی۔ ذرائع کے مطابق جس زمین پر واٹر سپلائی سکیم قائم تھی وہ ریلوے لائن سے ملحقہ متنازعہ قرار دی گئی تھی، جس پر بعض افراد نے عدالت سے رجوع کیا۔ فیصلے کے بعد متعلقہ افراد نے مبینہ طور پر سکیم اور اراضی کا قبضہ سنبھال کر پانی کی فراہمی بند کر دی۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں پانی کی عدم دستیابی نے ان کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے ، جبکہ لوگ مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے اسے انتظامی غفلت قرار دیتے ہوئے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔علاقہ مکینوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ واٹر سپلائی سکیم کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں ۔اور متاثرہ آبادیوں کو متبادل طور پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں