بیوی کو مبینہ طور پر زہر دے کر قتل کرنے پر شوہر گرفتار
مرکزی ملزم کے بعد دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) گھریلو ناچاقی کے تنازع پر بیوی کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنانے اور بعد ازاں زہر دے کر قتل کرنے کے مقدمہ میں پولیس نے مرکزی ملزم، مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کر لیا ،پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ لکسیاں کے علاقہ قصبہ دودہ میں پیش آیا، جہاں 32 سالہ خاتون، جو تین بچوں کی ماں تھی، مبینہ طور پر اپنے شوہر اور اس کے دو کزنز کے تشدد کا نشانہ بنی۔ الزام ہے کہ ملزمان نے خاتون کو تشدد کے بعد زبردستی زہریلی چیز پلائی جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی،پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے بھائی آصف علی کی مدعیت میں شوہر عابد حسین اور اس کے دو کزنز سمیت تین نامزد ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مقدمہ کے اندراج کے بعد کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے مرکزی ملزم عابد حسین کو گرفتار کر لیا ہے۔
جبکہ دیگر دو ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں،پولیس کے مطابق میاں بیوی کے درمیان گھریلو تنازعات چل رہے تھے ، تاہم واقعہ کی اصل وجوہات اور تمام حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے ۔اس کے ساتھ ساتھ مقتولہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار کیا جا رہا ہے ، جس سے موت کی حتمی وجہ اور زہر دیے جانے کے دعوے کی تصدیق میں مدد ملے گی۔ پولیس کے مطابق کیس کی تحقیقات میرٹ پر جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔