سیلاب سے نمٹنے کیلئے پیشگی منصوبہ بندی شروع
دریا کنارے آبادیوں، مکانات، حساس افراد ،مویشیوں سے متعلق ڈیٹا جمع کرنیکی ہدایت
ملتان(وقائع نگار خصوصی)کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے کہا ہے کہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے پیشگی منصوبہ بندی زمینی حقائق، جدید ٹیکنالوجی اور درست ڈیٹا کی بنیاد پر کی جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں بروقت فیصلے ، مؤثر انخلا، امدادی سرگرمیوں اور وسائل کی درست تقسیم کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ فراہم کردہ فلڈ ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لے ، اس پر اپنی آراء دے اور موجودہ کنٹیجنسی پلانز کو زمینی حقائق کے مطابق مزید مؤثر بنایا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلڈ پری پیئرڈنیس کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب اور اربن یونٹ کے حکام نے ضلع ملتان کے لئے تیار کردہ ملٹی ہیزرڈ ولنریبلٹی اینڈ رسک اسیسمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطہ مزید مؤثر بنائیں، فراہم کردہ ڈیٹا کی روشنی میں اپنی تیاریوں کا ازسرنو جائزہ لیں اور مون سون سیزن کے دوران انسانی جانوں، مویشیوں اور املاک کے تحفظ کے لئے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کئے جائیں۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جدید سیٹلائٹ امیجری، جی آئی ایس میپنگ اور گھر گھر سروے کے ذریعے دریاؤں کے کنارے واقع آبادیوں، مکانات، حساس افراد، بچوں، بزرگوں، خصوصی افراد، مویشیوں اور دیگر اثاثوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کیا گیا ہے ۔ اس ڈیٹا کی مدد سے نارمل، لو، میڈیم اور ہائی فلڈ کی مختلف صورتحال میں متاثر ہونے والے علاقوں اور آبادی کا درست اندازہ لگا کر بروقت امدادی وسائل، ریسکیو آپریشنز، انخلا اور ریلیف سرگرمیوں کی مؤثر منصوبہ بندی ممکن ہو سکے گی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع ملتان دریائے ستلج کے باعث سیلابی خطرات سے دوچار اضلاع میں شامل ہے ، جبکہ تحصیل جلال پور پیر والا سب سے زیادہ حساس ہے ۔