بھیرہ:موٹروے سروس ایریا میں اوور چارجنگ پر کارروائی
بھیرہ:موٹروے سروس ایریا میں اوور چارجنگ پر کارروائی اسسٹنٹ کمشنر نے پیرا فورس کے ساتھ مختلف مارٹس، دکانوں،ہوٹلوں پر کارروائی کی
بھیرہ (نامہ نگار)عوام کو سرکاری نرخوں پر معیاری اشیائے خور و نوش کی فراہمی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے تحصیل انتظامیہ بھیرہ نے کارروائیاں مزید تیز کر دیں۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر بھیرہ نمرہ اویس نے پیرا فورس کے ہمراہ موٹروے ریسٹ/سروس ایریا کا اچانک دورہ کرکے مختلف مارٹس، دکانوں اور ہوٹلوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورانِ معائنہ سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے متعدد دکانداروں کو جرمانے عائد کیے گئے ، جبکہ انہیں آئندہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت بھی کی گئی۔اے سی نمرہ اویس نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا تحصیل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ۔ ناجائز منافع خوری، اوور چارجنگ اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جا سکے ۔