30 لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، جھوٹی کال کرنیوالا پھنس گیا
شہباز نے مخالفین کو پھنسانے کیلئے ڈکیتی کاڈرامہ رچایا،مقدمہ درج ،کارروائی شروع
سرگودھا، بھاگٹانوالہ (سٹاف رپورٹر، نمائندہ دنیا )سرگودھا میں 30 لاکھ کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، پولیس پہنچی تو کہانی ہی بدل گئی، مخالفین کو پھنسانے کیلئے جھوٹی کال کرنے والا خود مقدمے میں پھنس گیا،پولیس کے مطابق پکار 15 پر شہباز نامی شخص نے اطلاع دی کہ 9 مسلح ڈاکو اس سے لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور مدعی سے تفصیلات معلوم کیں، تاہم وہ اپنے بیان کی تصدیق میں کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا،مزید چھان بین کے دوران مبینہ ڈکیتی کے کوئی شواہد نہ ملے ۔ پوچھ گچھ پر شہباز نے اعتراف کیا کہ اس کی کچھ افراد سے لڑائی ہوئی تھی اور وہ اسی تنازع کو ڈکیتی کا رنگ دینا چاہتا تھا، اسی لیے اس نے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر جھوٹی اطلاع دی،پولیس نے ملزم کی بیٹھک سے ایک بیگ برآمد کیا، جس میں 30 لاکھ 50 ہزار روپے نقد موجود تھے جبکہ اس کا موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ بعد ازاں تھانہ کڑانہ پولیس نے ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments