کوٹ مومن میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ نے دریائے چناب میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر موضع طالب والا، تحصیل کوٹ مومن میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔
فلڈ ریلیف کیمپ میں تربیت یافتہ ریسکیو اہلکاروں، ایمبولینس، ریسکیو بوٹ، آؤٹ بورڈ موٹرز، لائف جیکٹس، لائف رنگز، ابتدائی طبی امداد کے سامان اور دیگر ضروری آلات کو مکمل طور پر تیار رکھا گیا ہے ۔ ریسکیو ٹیموں نے دستیاب وسائل اور حفاظتی سامان کی جانچ مکمل کر لی ہے ، جبکہ اہلکاروں کو فلڈ ریسکیو، متاثرہ افراد کے محفوظ انخلا، ابتدائی طبی امداد اور باہمی رابطہ کاری سے متعلق ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 سرگودھا ممکنہ سیلابی خطرات سے نمٹنے ، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ہنگامی حالات میں فوری رسپانس کے لیے مکمل طور پر تیار ہے ۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ دریاؤں اور ممکنہ سیلابی علاقوں کے قریب جانے سے گریز کریں، سرکاری ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1122 پر رابطہ کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments