بارشوں سے اربوں کے منصوبے بے نقاب، کمزور نگرانی پر وضاحت طلب
زیر زمین بجلی کیبلز، ڈسٹری بیوشن بورڈز، سروس کوریڈورز، واٹر پروفنگ اور نکاسی آب کے نظام میں سنگین نقائص ،فیسکو کنسٹرکشن سمیت متعلقہ اداروں کو شوکاز نوٹس جاری
سرگودھا(نعیم فیصل) سرگودھا کے اربوں روپے مالیت کے اربن ری جنریشن اور بیوٹیفکیشن منصوبوں میں سامنے آنے والی سنگین تکنیکی خامیوں نے نہ صرف منصوبے کے معیار اور حکومتی میرٹ پالیسی پر سوالیہ نشان لگا دیا ۔حالیہ مون سون بارشوں نے منصوبے کی کمزور منصوبہ بندی، ناقص ڈیزائن اور غیر مؤثر نگرانی کو بے نقاب کر دیا، جبکہ اب مختلف محکمے خامیوں کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈالنے میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں ،ذرائع کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد سٹی روڈ اور کچہری روڈ بیوٹیفکیشن منصوبے میں زیر زمین بجلی کیبلز، ڈسٹری بیوشن بورڈز، سروس کوریڈورز، واٹر پروفنگ اور نکاسی آب کے نظام میں سنگین نقائص سامنے آئے ۔ صورتحال اس قدر تشویشناک ہوئی کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سرگودھا نے فیسکو کنسٹرکشن سمیت متعلقہ اداروں کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ناقص منصوبہ بندی، تکنیکی غفلت اور کمزور نگرانی پر وضاحت طلب کر لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جواب میں فیسکو حکام نے ذمہ داری ہائی وے ڈویژن پر عائد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ زیر زمین ایل ٹی کیبل نیٹ ورک کے تحفظ کے لیے مطلوبہ سول ورکس، مؤثر واٹر پروفنگ، ڈرینیج سسٹم اور حفاظتی اقدامات منصوبے میں یا تو شامل ہی نہیں کیے گئے یا انہیں معیار کے مطابق نافذ نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں بارشی اور سیوریج کا پانی براہِ راست کیبل ٹرنچز، سروس کوریڈورز اور برقی تنصیبات میں داخل ہو گیاسٹی روڈ اور کچہری روڈ کے متعدد مقامات پر بارشی اور گھریلو گندا پانی نکاسی کے مناسب راستے نہ ہونے کے باعث زیر زمین کیبل لائنوں کے اطراف جمع ہو رہا ہے ، جس سے نہ صرف تہہ خانوں اور دکانوں میں پانی داخل ہونے کی شکایات بڑھ رہی ہیں بلکہ بجلی کے پورے نظام، ڈسٹری بیوشن بورڈز اور شہریوں کی جان و مال کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایسی صورتحال کسی بھی وقت بڑے برقی حادثے ، شارٹ سرکٹ یا وسیع پیمانے پر بجلی کی بندش کا سبب بن سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments