جمہوریت‘آئین کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے : ندیم افضل چن
جمہوریت‘آئین کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے : ندیم افضل چنمسلم لیگ (ن) اپنے ادوارِ حکومت کا پیپلز پارٹی کی حکومتوں سے موازنہ کر لے
بھیرہ (نامہ نگار)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کی بقا، آئین کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی جمہوری نظام کے استحکام کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری ندیم افضل چن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی کے دعوے کر رہی ہے ، تاہم عوام کو مختلف ادوارِ حکومت کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اپنے ادوارِ حکومت کا پیپلز پارٹی کی حکومتوں سے موازنہ کر لے ، عوام خود فیصلہ کر لیں گے کہ ملک اور عوام کے لیے کس جماعت نے بہتر خدمات انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ قومی اداروں کے قیام اور ان کی نجکاری کے حوالے سے بھی قوم کے سامنے حقائق آنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں قائم کیے جانے والے ادارے اور منصوبے عوامی فلاح و بہبود کے لیے تھے ، جبکہ بعد کے ادوار میں بعض اہم قومی ادارے فروخت کر دئیے گئے ۔چودھری ندیم افضل چن نے حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے حوالے سے کوئی مؤثر حکمتِ عملی سامنے نہیں آئی، جبکہ گردشی قرضوں میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے بلوچستان کے مسائل اور وہاں کے عوام کی صورتحال پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو تمام صوبوں کے عوام کے مسائل کے حل پر یکساں توجہ دینی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی مضبوطی، صوبائی خودمختاری، آئینی بالادستی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments