شاہپور میں مبینہ مضرِ صحت دودھ کی فروخت کا انکشاف
شاہپور میں مبینہ مضرِ صحت دودھ کی فروخت کا انکشافشہریوں کا پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
شاہپور صدر (نامہ نگار )تحصیل شاہپور کے مختلف علاقوں میں مبینہ طور پر کیمیکل ملا مضرِ صحت دودھ فروخت کیے جانے کے انکشاف پر شہریوں نے پنجاب فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔مقامی ذرائع اور اہلِ علاقہ کے مطابق شاہپور صدر، شاہپور سٹی، جھاوریا ں، شاہ یوسف، کوٹلہ سیداں، بکھر بار، صابوال اور واڈھی سمیت مختلف علاقوں میں کئی ماہ سے مبینہ طور پر کیمیکل ملا دودھ فروخت کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں کا الزام ہے کہ متعلقہ اداروں کی عدم توجہی کے باعث یہ کاروبار بلا روک ٹوک جاری ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ مبینہ مضرِ صحت دودھ کے استعمال سے متعدد افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں اور بعض شہریوں کے ہسپتالوں تک پہنچنے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔شہریوں اور سماجی حلقوں کے مطابق اس حوالے سے متعدد بار متعلقہ حکام کو شکایات بھی کی گئیں، لیکن تاحال کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہیں آئی، جس کے باعث عوام میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔عوامی و سماجی حلقوں نے کمشنر سرگودھا ریجن، ڈپٹی کمشنر سرگودھا اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر دودھ کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری ٹیسٹ کرائے جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر مبینہ مضرِ صحت دودھ کی فروخت کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو وہ احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوں گے ، جس کے تحت مین سرگودھا، خوشاب، ملتان اور راولپنڈی روڈ پر واقع کلمہ چوک پر احتجاج کیا جا سکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments