قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن : کروڑوں کی اراضی و اگزار

 قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن : کروڑوں کی اراضی و اگزار

اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں اسلام پورہ میں کارروائی، ملزم سرکاری رقبے پر گھر تعمیر کرتے پائے گئے ، 5ملزم گرفتار، بھاری مشینری سے تعمیرات مسمار ،ملبہ ،سامان ضبط ملزموں کے خلاف مقدمات درج ،تحقیقات جاری، سرکاری اراضی کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ، قبضہ مافیا کیخلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی،مکرم سلطان کی گفتگو

ملتان،جلالپور پیروالا (وقائع نگار خصوصی،نامہ نگار)جلالپور پیر والہ میں ضلعی انتظامیہ نے سرکاری اراضی پر قبضے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری زمین واگزار کرالی اور غیر قانونی تعمیرات مسمار کردیں۔ اسسٹنٹ کمشنر مکرم سلطان کی سربراہی میں اسلام پورہ میں بھرپور آپریشن کیا گیا، جہاں ملزم سرکاری رقبے پر گھروں کی غیر قانونی تعمیرات کررہے تھے ۔ کارروائی کے دوران پانچ ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ غیر قانونی تعمیرات بھاری مشینری کے ذریعے مسمار کرکے ملبہ صاف کردیا گیا اور تعمیراتی سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر مکرم سلطان نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ یا اس پر غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔

سرکاری زمین کی حفاظت ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ واگزار کرائی گئی سرکاری اراضی کی مالیت کروڑوں روپے ہے جبکہ گرفتار ملزموں کے خلاف مقدمات بھی درج کرادیئے گئے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واگزار کرائی گئی زمین کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ دوبارہ قبضے کی کوئی کوشش نہ ہوسکے ۔ مقامی شہریوں نے سرکاری اراضی پر قبضے کی فوری اطلاع پر بروقت کارروائی کرنے اور قیمتی سرکاری زمین واگزار کرانے پر ضلعی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...