غیر قانونی پٹرول یونٹس کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن
ضلعی انتظامیہ نے 40 سے زائد یونٹس قبضے میں لے کر دکانیں سربمہر کردیں
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ضلعی انتظامیہ ملتان نے غیر قانونی پٹرول یونٹس کے خلاف میگا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 40 سے زائد یونٹس قبضے میں لے لئے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر سول ڈیفنس اور پیرا فورس کی ٹیموں نے اتوار کے روز مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں۔آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر پٹرولیم مصنوعات فروخت کرنے والے متعدد یونٹس قبضے میں لینے کے ساتھ دکانیں بھی سربمہر کردی گئیں، جبکہ وہاں موجود سامان اور پٹرولیم مصنوعات کو بھی تحویل میں لے لیا گیا۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق کارروائی کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور آتش گیر پٹرولیم مصنوعات کی غیر محفوظ خرید و فروخت کا خاتمہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ غیر قانونی پٹرول یونٹس انسانی جانوں اور املاک کے لئے سنگین خطرہ ہیں، معمولی غفلت بھی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے ، اس لئے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کاروبار کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن ہوگا۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرکے غیر قانونی یونٹس کی نشاندہی اور فوری کارروائی یقینی بنائی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments