شہر میں غیر قانونی سلاٹرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم
رہائشی علاقوں،گلیوں ،شاہراہوں پر جانور ذبح کرنے پر پابندی لگادی،فیصل سلیم
ملتان (وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے ملتان میں غیر قانونی سلاٹرنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے اندرون شہر سمیت رہائشی علاقوں، گلیوں اور شاہراہوں پر جانور ذبح کرنے پر سختی سے پابندی عائد کردی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر میں صفائی ستھرائی، صحت عامہ اور ماحول کے تحفظ کیلئے غیر قانونی سلاٹرنگ کا خاتمہ ناگزیر ہے ۔ رہائشی علاقوں میں جانور ذبح کرنے سے گندگی اور تعفن پھیلنے کے ساتھ خون اور آلائشوں کے باعث نکاسی آب کا نظام بھی متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلاٹر ہاؤس میں جانور ذبح کرنے کیلئے بیوپاریوں اور قصابوں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کردی گئی ہیں، جبکہ صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات بہتر بنانے کیلئے خصوصی آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے ۔ستھرا پنجاب ایجنسی اور واسا کی خصوصی ٹیمیں سلاٹر ہاؤس کی صفائی، آلائشوں کی بروقت منتقلی اور نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بیوپاریوں اور قصابوں سے اپیل کی کہ وہ تعاون کرتے ہوئے جانور سلاٹر ہاؤس میں ہی ذبح کریں اور شہر کو صاف رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی سلاٹرنگ کے خلاف کارروائیاں مزید تیز اور شہر کے مختلف علاقوں میں باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جائے تاکہ پابندی پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جاسکے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments