بھٹہ خشت پر نگرانی نہ ہونے سے اینٹوں کے نرخ بے قابو
بھٹہ خشت پر نگرانی نہ ہونے سے اینٹوں کے نرخ بے قابواینٹوں کی قیمتوں میں اضافے سے تعمیراتی اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا
شاہپور صدر (نامہ نگار) بھٹہ خشت کے مالکان کی جانب سے اینٹوں کے نرخوں میں مسلسل اضافے کے باعث غریب اور محنت کش طبقے کے لیے اپنا گھر بنانا مشکل ہو گیا ہے ۔ مقامی سطح پر مؤثر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث اول درجے کی اینٹ کا ریٹ مبینہ طور پر 22 ہزار سے 23 ہزار روپے فی ہزار تک پہنچ گیا ہے ,شہریوں کا کہنا ہے کہ پیرا فورس بھی اپنے فرائض ادا کرنا بھول گئی ہے ، جبکہ محکمہ ماحولیات بھی اپنے دفاتر تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ۔ بھٹہ خشت کے حوالے سے نگرانی اور کارروائی کرنے والے اداروں کی مبینہ عدم دلچسپی کے باعث بھٹہ مالکان کے خلاف مؤثر کارروائی ہوتی دکھائی نہیں دے رہی، جس کا خمیازہ براہِ راست غریب عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے ۔اینٹوں کی قیمتوں میں اضافے سے تعمیراتی اخراجات میں بھی نمایاں اضافہ ہو رہا ہے ، جبکہ محدود آمدن رکھنے والے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ‘‘اپنی چھت، اپنا گھر’’ پروگرام کے تحت قرض حاصل کرنے والے مستحق افراد کے لیے بھی موجودہ مہنگائی میں گھر کی تعمیر مکمل کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے ۔شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بھٹہ خشت پر مؤثر چیک اینڈ بیلنس یقینی بنایا جائے ، اینٹوں کے نرخوں کا فوری جائزہ لے کر مناسب قیمت مقرر کی جائے ، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے بھٹہ مالکان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے تاکہ غریب عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments