ٹوبہ :تریموں ہیڈورکس سے آنے والی مین واٹر سپلائی لائن پھٹ گئی
پانی کے تیز بہاؤ سے سڑک کے بیٹھنے کا خدشہ، شہریوں کا فوری مرمت کا مطالبہ
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) جھنگ روڈ پر سول ریسٹ ہاؤس کے سامنے تریموں ہیڈورکس سے ٹوبہ ٹیک سنگھ شہر کو آنے والی واٹر سپلائی کی مین پائپ لائن اچانک پھٹ گئی، جس کے باعث بڑی مقدار میں پانی سڑک پر بہنے لگا اور سڑک کے بیٹھنے کا خطرہ بڑھ گیا۔ ذرائع کے مطابق مین واٹر سپلائی لائن سے پانی کے تیز بہاؤ کے باعث سڑک کے نیچے زمین متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ اگر پانی کا اخراج فوری طور پر نہ روکا گیا تو سڑک کا بڑا حصہ دھنسنے یا ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کا خطرہ ہے ، جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو سکتی ہے ۔ مقامی شہریوں کے مطابق تریموں ہیڈورکس سے آنے والی مذکورہ مین واٹر سپلائی لائن اس سے قبل بھی مختلف مقامات پر متعدد مرتبہ پھٹ چکی ہے ، جس کے باعث پانی کے ضیاع کے ساتھ شہریوں کو سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پائپ لائن کی عارضی مرمت کے بجائے اس کے بار بار پھٹنے کی مستقل وجوہات کا جائزہ لے کر خستہ حال حصوں کو تبدیل کیا جائے ۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا کہ پائپ لائن پھٹنے کے مقام پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پانی کا بہاؤ روکا جائے ، سڑک کو مزید نقصان سے محفوظ بنایا جائے اور مرمت کے بعد سڑک کی بحالی کا کام بھی فوری مکمل کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments