حرمین شریفین کاتحفظ :جمعیت اہلحدیث کی پاک فوج کی حمایت
مسلم ممالک دہشت گردی کیخلاف متحد ہو کر کردار ادا کریں:عبدالرشید حجازی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) ناظم اعلیٰ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ عبدالرشید حجازی، سرپرست اعلیٰ مرکزیہ اسلام آباد حافظ مقصود احمد اور خالد محمود اعظم آبادی نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے دوٹوک مؤقف کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے ،انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان حرمین شریفین کے تحفظ اور سعودی عرب کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کو سراہتی ہے ۔ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات اور باہمی دفاعی معاہدہ ہمارے لیے نہایت اہمیت رکھتے ہیں۔ دونوں ممالک کی دوستی ہمیشہ کی طرح مزید مضبوط ہو رہی ہے اور حرمین شریفین کا دفاع و تحفظ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے ۔علامہ عبدالرشید حجازی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی دوستی اور اتحاد کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے عالمی سطح پر امن و امان کی بحالی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔
انہوں نے دیگر مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات پسِ پشت ڈال کر حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہو کر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیت اللہ شریف اور مسجد نبوی ﷺ کا احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کرنے والوں کا متحد ہو کر بھرپور محاسبہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حوثی باغیوں اور ان کے حواریوں کی جانب سے مقدس مقامات پر حملوں کے نتیجے میں شہریوں اور عمرہ زائرین کی شہادتوں اور زخمی ہونے کے واقعات پر دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔ ان کے مطابق مکہ معاہدہ خطے میں استحکام اور پائیدار امن کے لیے طے پایا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حرمین شریفین کے تحفظ اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments