کڑانہ مائنرز ،زمینی پانی کڑوا،گندم کی بوائی متاثر ہونے کا خدشہ
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کڑانہ مائنرز کے اطراف زمینی پانی کڑوا ہونے کے باعث درجنوں دیہات میں گندم کی مجوزہ بوائی خطرے میں پڑ گئی۔
جبکہ چارے کی فصل کو زیرِ زمین پانی لگانے سے مویشیوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ بھی پیدا ہو گیا ہے ، جس کے باعث کاشتکار اور فارمرز شدید پریشانی کا شکار ہیں۔کاشتکاروں کے مطابق کڑانہ مائنرز کے اطراف واقع درجنوں دیہات میں زیرِ زمین پانی انتہائی کڑوا ہے ، جبکہ نہر بندی کے حالیہ شیڈول کے باعث آئندہ ماہ گندم کی بوائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ اس وقت چارے کی فصل بھی کاشت کی جا رہی ہے ، تاہم نہری پانی کی عدم دستیابی کے باعث کاشتکار زیرِ زمین پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔کاشتکاروں اور فارمرز کا کہنا ہے کہ کڑوے پانی سے سیراب ہونے والے چارے کے استعمال سے مویشیوں کی صحت متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ جبکہ گندم کی بوائی میں تاخیر اور فصلوں کو مطلوبہ پانی نہ ملنے سے انہیں مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔انہوں نے محکمہ انہار کے حکام سمیت کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سرگودھا سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کڑانہ مائنرز کو چالو رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، تاکہ کاشتکاروں کو بروقت آبپاشی کے لیے پانی میسر آ سکے اور انہیں ممکنہ مالی نقصان سے بچایا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments