محکمہ خوراک کی کارروائی، 3 ماہ میں 57 گاڑیاں پکڑی گئیں

 محکمہ خوراک کی کارروائی، 3 ماہ میں 57 گاڑیاں پکڑی گئیں

محکمہ خوراک کی کارروائی، 3 ماہ میں 57 گاڑیاں پکڑی گئیں خیبر پختونخوا سمگلنگ کی کوشش ناکام ،ڈپٹی کمشنر نے گندم سے لدی گاڑیوں کا معائنہ کیا

میانوالی (نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق اور ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا کی ہدایت پر محکمہ خوراک میانوالی کی جانب سے گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔محکمہ خوراک نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ضلع میانوالی کی حدود سے گندم سے لدے تین ٹرک تحویل میں لے کر خیبر پختونخوا سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔ ٹرکوں میں 100 کلوگرام وزن کی تقریباً 950 بوریاں گندم لدی ہوئی تھیں۔ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا نے گندم خریداری مرکز میانوالی کا دورہ کیا اور سمگلنگ کے دوران پکڑی جانے والی گندم سے لدی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر خادم حسین فراز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ خوراک نے خفیہ اطلاع پر تھانہ موچھ کی حدود سے ایک ٹرک جبکہ تھانہ عیسیٰ خیل کی حدود سے دو ٹرک تحویل میں لیے ۔ ان گاڑیوں کے ذریعے گندم صوبہ خیبر پختونخوا منتقل کی جا رہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی نقل و حمل کے دوران پکڑی جانے والی گندم مقامی فلور ملوں سے پسوا کر آٹا تیار کیا جائے گا، جسے سرکاری نرخوں پر اوپن مارکیٹ میں فروخت کیا جائے گا۔

ڈی ایف سی خادم حسین فراز نے مزید بتایا کہ محکمہ خوراک میانوالی نے گزشتہ تین ماہ کے دوران گندم اور آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 57 گاڑیاں تحویل میں لیں، جبکہ 765 ٹن گندم اور 402 ٹن آٹا قبضے میں لے کر سرکاری نرخوں پر نیلام کرایا گیا۔ ان اقدامات سے مقامی مارکیٹ میں آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے میں مدد ملی۔ گندم اور آٹے کی غیر قانونی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف مختلف تھانوں میں 10 مقدمات بھی درج کرائے جا چکے ہیں۔ڈپٹی کمشنر شاہد عباس کاٹھیا نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کو ہدایت کی کہ تمام چیک پوسٹوں سے گزرنے والی گاڑیوں کی سختی سے چیکنگ کی جائے اور گندم و آٹے کی غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...