محکمہ آبپاشی کی مبینہ ناقص کارکردگی، آبیانہ کی زائد بلنگ پر انتظامیہ کا تحفظات کا اظہار

محکمہ آبپاشی کی مبینہ ناقص کارکردگی، آبیانہ کی زائد بلنگ پر انتظامیہ کا تحفظات کا اظہار

متعلقہ اہلکاروں کی فیلڈ میں موجودگی اور ذمہ داریوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ، آبیانہ کے بلوں میں پائے جانے والے حقیقی تضادات کی جانچ کرکے انہیں درست کیا جائے ، حکام

سرگودھا(نعیم فیصل سے ) سرگودھا میں محکمہ آبپاشی کی مبینہ ناقص کارکردگی، آبیانہ کی زائد بلنگ، مشترکہ گرداوری کے عمل میں عدم رابطہ کاری اور کسانوں کے ساتھ غیر مناسب رویے پر ضلعی انتظامیہ نے شدید تحفظات کا اظہارکیا ہے اس حوالے سے ایگزیکٹو انجینئر آبپاشی سرگودھا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ معاملے کا ذاتی طور پر جائزہ لیتے ہوئے محکمانہ خامیوں اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کریں۔انتظامیہ کے مطابق بھلوال، کوٹمومن، شاہ پور سمیت دیگر تحصیلوں سے موصول ہونے والی متعدد شکایات میں مشترکہ گرداوری کے دوران مناسب رابطہ کاری اور شرکت کے فقدان، پانی کے نرخوں اور آبیانہ کے بلوں میں مبینہ طور پر زائد اور غلط تشخیص، محکمہ آبپاشی کے عملے کے غیر پیشہ ورانہ اور عدم تعاون پر مبنی رویے ، فیلڈ معائنوں اور نگرانی میں کمی سمیت کسانوں کی شکایات کے بروقت ازالے میں ناکامی کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ ان مسائل کے باعث کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، جبکہ محکمہ آبپاشی اور محکمہ مال کے درمیان مؤثر رابطہ کاری نہ ہونے سے سرکاری امور کی انجام دہی بھی متاثر ہونے کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے ان خامیوں کو محکمانہ نگرانی، باہمی رابطہ کاری اور عوامی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے سنگین تحفظات قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ متعلقہ اہلکاروں کی فیلڈ میں موجودگی اور ذمہ داریوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ، آبیانہ کے بلوں میں پائے جانے والے حقیقی تضادات کی جانچ کرکے انہیں درست کیا جائے اور کسانوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...