پختہ تجاوزات کیخلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ

پختہ تجاوزات کیخلاف آپریشن مزید تیز کرنے کا فیصلہ

پہلے مرحلے میں شہر کی سڑکوں، شاہراہوں اور گزرگاہوں سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، دوسرے مرحلے میں رہائشی بلاکس، گلی محلوں میں کارروائی ہو گی میونسپل کارپوریشن اور پیرا حکام سے آپریشن کے لیے باقاعدہ ٹائم لائنز طلب ،دوبارہ قبضے یا غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہ کی جائیں،انتظامیہ کی ہدایت

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا میں عارضی اور پختہ تجاوزات کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر انتظامیہ نے آپریشن مزید تیز اور منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جس کے تحت پہلے مرحلے میں شہر بھر کی سڑکوں، اہم شاہراہوں اور گزرگاہوں سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا، جبکہ دوسرے مرحلے میں رہائشی بلاکس، گلی محلوں اور دیگر آبادیوں میں قائم پختہ تجاوزات کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مجوزہ منصوبے کے تحت میونسپل کارپوریشن اور پیرا حکام سے آپریشن کے لیے باقاعدہ ٹائم لائنز طلب کر لی گئی ہیں تاکہ کارروائی کو محض وقتی مہم تک محدود رکھنے کے بجائے مستقل اور مؤثر بنایا جا سکے ۔ تحصیل و ضلعی انتظامیہ اور پیرا کو ہدایت کی گئی ہے کہ رہائشی علاقوں میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر قائم تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنائیں اور جہاں پہلے ہی تجاوزات ہٹائی جا چکی ہیں وہاں دوبارہ قبضے یا غیر قانونی تعمیرات کسی صورت برداشت نہ کی جائیں۔ شہر کی سڑکوں، فٹ پاتھوں اور گزرگاہوں پر قائم تجاوزات نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر کرتی ہیں بلکہ پیدل چلنے والوں، بزرگوں، خواتین اور طلبہ کے لیے بھی مشکلات پیدا کرتی ہیں، جبکہ گلی محلوں میں پختہ تجاوزات شہری سہولیات اور آمدورفت میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہیں۔ ایسے میں انتظامیہ کے لیے ضروری ہے کہ آپریشن کے دوران کسی دباؤ، سفارش یا امتیاز کے بغیر قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...