جعلی مختار نامے سے جائیدادوں کی منتقلی، تین بیع نامے منسوخ
ملزم کے خلاف مقدمہ برقرار رکھنے کی سفارش اے ڈی سی آر کو ارسال
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) جعلی جنرل مختار نامے کے ذریعے کروڑوں کی جائیدادوں کی منتقلی کا معاملہ، تین بیع نامے منسوخ، ملزم کیخلاف مقدمہ برقرار رکھنے کی سفارش اے ڈی سی آر کو ارسال کر دی گئی ، سرگودھا کی تحصیل سلانوالی میں مبینہ جعلی جنرل مختار نامے کے ذریعے جائیدادوں کے تین بیع نامے رجسٹرڈ کرانے کا معاملہ کی انکوائری مکمل کر لی گئی، جس میں جنرل مختار نامہ نمبر 680-04 کو جعلی قرار دیے جانے کے بعد رجسٹریاں منسوخ کرنے اور انتقالات واپس لینے کی کارروائی کو قانون کے مطابق قرار دیا گیا ہے ۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق نعمان اشرف ولد محمد اشرف نے عائشہ اکرم حسین اور شرافت بیگم کے جنرل اٹارنی کی حیثیت سے مبینہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے منڈی سلانوالی میں واقع جائیدادوں کے تین بیع نامے رجسٹرڈ کرائے۔
مذکورہ مختار نامہ 10 مارچ 2009 کا تھا، جسے راولپنڈی کے دفتر سے تصدیق شدہ ظاہر کیا گیا تھا۔ تاہم دوبارہ تصدیق پر سب رجسٹرار راولپنڈی نے اپنے ریکارڈ میں ایسی کوئی دستاویز موجود نہ ہونے کی رپورٹ دی اور مختار نامے کو جعلی قرار دیا۔ رپورٹ سامنے آنے پر سب رجسٹرار سلانوالی محمد فیض نے تینوں رجسٹریاں منسوخ کر دیں، انتقالات واپس لے لیے اور نعمان اشرف کے خلاف تھانہ سلانوالی میں دھوکہ دہی، جعل سازی اور جعلی دستاویز استعمال کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ نمبر 918؍2026 درج کرایا۔ انکوائری میں خریداران راشد اقبال اور محمد رئیس اختر کے بیانات بھی قلمبند کیے گئے
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments